کراچی، تنخواہیں نہ ملنے پر ریونیو ملازمین کا مظاہرہ، پولیس کا لاٹھی چارج، 14 گرفتار

کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی پریس کلب کے نزدیک مطالبات کے حق میں مظاہرہ کرنے والے محکمہ ریونیو کے ملازمین پر پولیس کا لاٹھی چارج ، شیلنگ اور واٹر کین سے پانی کی بوچھاڑ14 ملازمین کوگرفتار بھی کرلیا گیا۔ محکمہ ریونیو کے ملازمین اپنے مطالبات کے حق میں مظاہرہ کرنے کیلئے پیر کی دوپہر کراچی پریس کلب پہنچے جہاں پہلے ہی پولیس کی بھاری نفری موجود تھی۔ جب مظاہرین نے پولیس کے روکنے کے باوجود گورنر ہائوس اور وزیراعلیٰ ہائوس کی طرف پیش قدمی کی کوشش کی تو پولیس ان کی راہ میں مزاحم ہوگئی۔ اس موقع پر پولیس ا ور مظاہرین میں جھڑپ ہوئی اور پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کے شیل برسانے کے علاوہ واٹر کین سے پانی کی بوچھاڑ بھی کی جس کے نتیجے میں کئی افراد زخمی  بھی ہوئے۔