کراچی : سٹاک مارکیٹ میں خریداروں کی دلچسپی‘ ہفتے کے آخری روز تیزی غالب رہی

کراچی / لاہور (مارکیٹ رپورٹر/ کامرس رپورٹر) کراچی سٹاک ایکسچینج میں جمعہ کے روز جاری تیزی کے تسلسل پر کے ایس ای 100انڈیکس 114.76 پوائنٹس اضافے پر دوبارہ 9626.29 کی ریکارڈ سطح پر آگیا جس سے سرمایہ کاری مالیت میں 32ارب 12کروڑ روپے سے زائد اضافے کے باعث کاروبار میں تیزی غالب رہی۔ تفصیلات کے مطابق شیل پاکستان اوریونی لیور فوڈز کے اچھے مالیاتی نتائج کا اعلان‘ خریداروں کی زائد دلچسپی اورآئند ہ ہفتے بعض کمپنیوں کے مزید اچھے مالیاتی نتائج کی توقعات کے باعث سرمایہ کاروں بالخصوص چھوٹے سرمایہ کاروں نے بینکنگ‘ ٹیلی کام کمیونیکیشن‘ پیٹرولیم سیکٹرز سمیت بیشتر حصص کی بڑے پیمانے پر خریداری کرکے اسے اگلے ہفتے کی تیزی پر حاصل کرلئے تاکہ تیزی کی صورت میں انہیں خاطر خواہ منافع حاصل ہوسکے جس کے باعث حصص کے کاروبار میں تیزی برقرار رہی جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100انڈیکس 114.76پوائنٹس اضافے پر 9511 کی نفسیاتی حد عبور کرکے دوبارہ 9626.29 کی ریکارڈ سطح پر آگیا جس سے مجموعی سرمایہ کاری مالیت مزید بڑھ کر27کھرب 53ارب 27کروڑ 66لاکھ 60ہزار 746روپے تجاوز کر گئی۔ لاہور سٹاک ایکسچینج میں جمعہ کو تیزی رہی اور ایل ایس ای 25 انڈکس 38.67 پوائنٹس کے اضافے سے مارکیٹ کے اختتام پر 3034.80 پر بند ہوا۔ مجموعی طور پر 100 کمپنیوں کا کاروبار ہوا۔ 58 کمپنیوں کے حصص میں اضافہ 7 کمپنیوں کے حصص میں کمی جبکہ 35 کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا۔ مارکیٹ میں کل 11448914 حصص کا کاروبار ہوا۔
سب سے زیادہ اضافہ پاکستان آئل فیلڈز کے حصص میں ہوا جس کی قیمت 6.62 روپے بڑھ گئی اور سب سے زیادہ کمی ٹریٹ کارپوریشن کے حصص میں ہوئی جس کی قیمت 27.85 روپے کم ہو گئی۔