پیپلز پارٹی شہید بھٹو والی نہیں زرداری کی پارٹی ہے‘ ممتا ز بھٹو

 پیپلز پارٹی شہید بھٹو والی نہیں زرداری  کی پارٹی ہے‘ ممتا ز بھٹو

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما سردار ممتاز علی خان بھٹو نے ایک بیان میں کہاہے کہ 5جولائی ذوالفقار علی بھٹو شہید کا ایک آمر کے ہاتھوں قتل دنیا کی تاریخ میں خون سے لکھا ہوا ہے لیکن ان کے نام پر زندہ رہنے والوں نے بھی شہید کے نام سے غداری کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے اور اسی کے نام میں شخصی ،مفادات حاصل کرنے کے سوا اور کوئی کارنامہ انجام نہیں دیا ہے۔ آج کی پیپلزپارٹی شہید بھٹو والی نہیں بلکہ زرداری کی مافیا پارٹی ہے۔ آج مخالفین ان کی پارٹی کو یرغمال بنا کر ان کے خون سے ہولی منا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ زرداری نے سچ کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ایک سوچ کا نام جس میں سرکاری خزانے لوٹنے،عوام سے دھوکہ کرنا،ایماندار اور قابل افسران کو ہٹا کر رشوت خور اور قدم بوسی کرنے والوں کو آگے لانا اور ملک کو بد امنی اورخونریزی کی لپیٹ میں لانے کے سوائے اور کچھ نہیں ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ جس میں شہید بھٹو اور اس کے خاندان کے جانی اور سیاسی دشمن آنکھیں بند کر کے مزے لے رہے ہیں ۔پانچ سالہ حکمرانی میں ملک تباہ اور برباد کر دیا ہے۔اور اس ڈوبے ہوئے بیڑے کو نکال کر کنارے لگانے کے لئے بڑی قابلیت اور مہارت کی ضرورت ہے ۔