لیاری کی وجہ شہرت گینگ وار اور بھتہ خوری بنادی گئی ‘ غنویٰ بھٹو

 لیاری کی وجہ شہرت گینگ وار اور بھتہ خوری بنادی گئی ‘ غنویٰ بھٹو

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی شہید بھٹو کی چیئر پرسن غنویٰ بھٹو نے لیاری کے علاقے کلری نیا آباد اور ہنگو را آباد سمیت مختلف علاقوں میں فائرنگ ‘ لوٹ مار اور قتل و غارت گری کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مختلف قوتوں اور ارباب اختیار نے ایک منظم سازش کے تحت لیاری جس کے سیاسی تشخص سے نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا و اقف تھی آج اس کی وجہ شہرت گینگ وار اور بھتہ خوری بنادی گئی ہے اور وہاں کی پرامن آبادی نقل مکانی پر مجبور ہے لیکن حکومت وقت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کا نوں پر جوں تک نہیں رینگتی ‘ غنویٰ بھٹو نے کہا کہ لیاری گو کہ کراچی کا ایک قدیم اور پس ماندہ علاقہ سمجھا جاتا ہے لیکن لیاری سیاسی طور پر ملک کے دیگر علاقوں کے مقابلے میں باشعور اور فخر ایشیا قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کا سیاسی قلعہ تصور کیا جاتا تھا لیکن آج لیاری گینگ وار اور دیگر سنگین نوعیت کے جرائم کی آماجگا تصور کیا جاتا ہے ‘ انہوں نے حکومت وقت کو خبر دار کیا ہے کہ وہ نوشتہ دیوار پڑھ لے اور اپنی مفاد پرستانہ پالیسیاں ترک کردے نیز لیاری کے معصوم اور پر امن شہریوں کی جان و مال کو تحفظ فراہم کرے ۔