لیاری سمیت شہر بھر میں امن کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیںگے‘ شرجیل میمن

لیاری سمیت شہر بھر میں امن کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیںگے‘ شرجیل میمن

کراچی (وقائع نگار)سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ لیاری سمیت پورے شہر میں امن و امان کا قیام ہماری اولین ترجیح اور شرپسندعناصر کا پورے شہر سے قلع قمع کیا جائےگا تاکہ پورے شہر میں دیرپا امن کا قیام ممکن ہوسکے۔ وہ جمعہ کو وزیراعلیٰ ہاﺅس پر دھرنا دینے والے کچھی رابطہ کمیٹی کے رہنماﺅں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے ۔وفد کی سربراہی صدیق کچھی نے کی ۔اس موقع سینیٹر سعید غنی، راشد حسین ربانی، وقار مہدی اور ڈی آئی جی ساﺅتھ ڈاکٹر امیر شیخ بھی موجود تھے۔اس موقع پر کچھی رابطہ کمیٹی کے وفد نے لیاری، آگرہ تاج ، بہار کالونی اور دیگر علاقوں میں جاری کشیدگی اور فائرنگ کے واقعات اور بے گناہ معصوم لوگوں کی ہلاکت کے بار ے میں آگاہ کیا ۔ شرجیل انعام میمن نے وفد کو یقین دلایا کہ لیاری ،آگرہ تاج ، بہار کالونی اور دیگر علاقوں میں امن کے قیام کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے علاقے میں فوری طور پر پولیس اور رینجرز کی چوکیاں قائم کی جائیں گی اور علاقے کا امن خراب کرنے والے شرپسند عناصر کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے گی صوبائی وزیر کی یقین دھانی کے بعد مظاہرین نے وزیراعلیٰ ہاﺅس پر دیا گیا دھرنا ختم کر دیا اور منتشر ہوگئے۔