کراچی: پی پی کارکنوں سمیت 4 افراد خونریزی کا شکار

کراچی: پی پی کارکنوں سمیت 4 افراد خونریزی کا شکار

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) کراچی میں ہفتے کے روز پرتشدد واقعات میں پی پی کارکن سمیت 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق نیپا چورنگی پر سفاری پارک کے قریب 2 موٹر سائیکل سوار افراد نے فائرنگ کر کے پیپلز پارٹی کے کارکن قادر بلوچ کو قتل کر دیا۔ اس واقعہ پر پیپلز پارٹی کے مشتعل کارکن سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاج کرتے ہوئے یونیورسٹی روڈ بلاک اور گاڑیوں میں توڑ پھوڑ کی۔ ادھر گلشن اقبال کے علاقے مدھو گوٹھ میں فائرنگ سے ایک نوجوان دم توڑ گیا۔ لائنز ایریا میں بند گھر سے ایک نوجوان کی تشدد زدہ نعش ملی۔ ادھر جٹ لائن کے علاقے میں پسند کی شادی کرنیوالے نوجوان کو لڑکی کے 3 بھائیوں نے تیز دھار آلے سے قتل کر دیا اور فرار ہو گئے۔ علاوہ ازیں پولیس نے سائٹ کے علاقے میٹروول سے کالعدم تنظیم کے 5 دہشت گردوں کو گرفتار کر کے 3 ہینڈ گرنیڈ، بال بم اور دیگر اسلحہ برآمد کر لیا۔ ملزموں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ ادھر حسن سکوائر میں منی چینجر کی دکان سے چور ایک کروڑ روپے سے زائد رقم دیواریں توڑ کر لے اڑے۔ پولیس نے سکیورٹی گارڈ کو حراست میں لے لیا۔