فوجی آپریشن حرام ہے‘ خودکش حملے اس کا ردعمل ہیں: منور حسن

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن نے کہا ہے کہ ملک میں فوجی آپریشن نے خودکش حملوں کو جنم دیا کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب میں منور حسن نے فوجی آپریشن کو حرام قرار دیا داتا دربار میں ہونے والے خودکش حملوں کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کے پیچھے امریکی سکیورٹی فورسز خصوصاً بلیک واٹر کا ہاتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیرداخلہ بلیک واٹر کے ترجمان بن گئے ہیں۔ اگر داتادربار کے واقعے سے توجہ ہٹانے کےلئے اے پی سی بلائی گئی ہے تو یہ قوم کے ساتھ سنگین مذاق ہوگا ‘ شمالی وزیرستان اورجنوبی پنجاب میں آپریشن کے حوالے سے پیش رفت کی گئی تو پورے ملک میںداتادربار جیسے واقعات جنم لینے کا موجب بنیں گے۔ اے پی سی کی افادیت اسی وقت ہے جب وزیراعظم اور نوازشریف فیصلہ کریں کہ جو کچھ آل پارٹیز کانفرنس میں طے کیا جائے گا اس پرعمل درآمد بھی ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں فوجی آپریشن کا فیصلہ غلط تھا‘ آرمی چیف اور سول حکومت نے مرض کی غلط تشخیص کی ہے ‘ آپریشن کے نتیجے میں دہشت گردی ختم ہونے کے بجائے اس میں اضافہ ہوا ہے۔