سندھ باکسنگ کے سینئر کوچ فقیر حسین دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے

کراچی (اے پی پی) سندھ باکسنگ کے سینئر کوچ فقیر حسین دل کا دورہ پڑنے کے باعث 65سال کی عمرمیں انتقال کرگئے ۔ پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے صدردودا خان بھٹو ،نائب صدر اقبال حسین ،جنرل سیکریٹری محمد اکرم خان ، سندھ باکسنگ ایسو سی ایشن کے چیئرمین غلام محمد رند، حیدرآباد ڈسٹرکٹ باکسنگ ایسوسی ایشن کے سیکریٹری یار محمدقمبرانی ، سابقہ بین الاقوامی باکسر لیاقت علی ، سینئر باکسنگ کوچ عبدالقادر عسکری، ودیگر نے فقیر حسین کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے ۔ فقیر حسین مرحوم گزشتہ 22سالوں سے سندھ اسپورٹس بورڈ حیدرآبادمیں خدمات سرانجام دے رہے تھے اورآخر وقت تک باکسنگ سے منسلک رہے ۔ انہوں نے کئی نامور باکسرز کی کوچنگ کے فرائض انجام دیئے جنہوں نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر کارہائے نمایاں سرانجام دیئے ۔