کارکن ملک دشمن سازشوں کو خاک میں ملادیں‘ ثروت قادری

کارکن ملک دشمن سازشوں کو خاک میں ملادیں‘ ثروت قادری

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہاہے کہ آئین و قانون کی پاسداری کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے،قانون شکن عناصرایک طرف دہشتگردی کے ذریعے ملک کو کمزورکررہی ہیں تو دوسری جانب بیرونی ، سامراجی واستحصالی قوتیں ملک کے خلاف سازشیں کررہے ہیں ،5جنوری بروزاتوار نشتر پارک میں اجتماع جم غفیر ثابت ہوگا بانیان پاکستان کی اولادیں ملک کی سلامتی کیلئے متحد ومنظم ہیں،ملک کے ٹکڑے کرنے کی باتیں بیرونی ایجنڈے کا شاخسانہ ہے،سنی تحریک ہر ایسی قوت کے خلاف سینہ سپر ہوگی جو ملک کے خلاف زہر اگلنے اور لسانیت کی بنیاد پر ملک کی تقسیم کی بات کررہے ہیں ۔انہوں نے مرکز اہلسنت پر چاروں صوبوں کے صوبائی صدور سے بات چیت کرتے ہوئے کیا،ثروت اعجاز قادری نے کہاکہ دھونس،دھمکی،دہشتگردی ہمیں جشن ولادت منانے سے نہیں روک سکتی،حکومت جلوسوں،محافل نعت کی تقریبات کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرے،انہوں نے کہاکہ ناموس رسالت کے تحفظ کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے گریز نہیں کریں گے ،کارکنان اپنے اتحاد سے ملک دشمن سازشوں کو خاک میں ملادیں،سامراجی واستحصالی قوتیں آمرانہ طرز عمل پر استوار ہیں انہیں عوام کو پہچاننا ہوگا، عوام ایسی قوتوں کے جھانسے میں نہ آئیں جو ملک اور قوم کوتقسیم کرنے کی طرف جارہے ہیں۔