کراچی میں ریلی منتشر کرنے کیلئے پولیس کی شیلنگ اور ہوائی فائرنگ‘ 14 زخمی‘ 20 گرفتار

کراچی (جی این آئی) کراچی کے علاقے گلشن حدید میں جسقم کی ریلی کو منتشر کرنے کے لئے پولیس نے شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کی جس سے 14 سے زائد مظاہرین زخمی ہو گئے جبکہ مظاہرین نے پولیس پر پتھراﺅ کیا۔ پولیس نے 20 سے زائد مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔ علاقے میں کاروبار بند اور ٹریفک معطل ہو گئی۔ ایس ایس پی بن قاسم کے مطابق جئے سندھ قومی محاذ کی جانب سے ایک چوک پر جھنڈا لگانے کے لئے ریلی نکالی جسے روکنے پر مظاہرین نے پولیس پر پتھراﺅ کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مظاہرین نے پولیس اہلکاروں پر تشدد کیا جس سے تین اہلکار زخمی ہوئے جبکہ اسلحہ چھیننے کی بھی کوشش کی گئی۔