کراچی میں 2 قتل: ٹارگٹڈ آپریشن، سیاسی جماعتوں کے 160 کارکن گرفتار

کراچی میں 2 قتل: ٹارگٹڈ آپریشن، سیاسی جماعتوں کے 160 کارکن گرفتار

کراچی (این این آئی) کراچی کے علاقہ ملیر سے تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی ہے جبکہ ڈکیتی مزاحمت پرایک شخص کو قتل کر دیا گیا جبکہ مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ کارروائیوں کے دوران پولیس نے سنگین جرائم میں ملوث 160 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملیر سے ایک شخص کی تشدد زدہ لاش ملی جسے ہسپتال منتقل کردیا گیا، تاہم شناخت نہیں ہو سکی۔ دریں اثنا سائٹ میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا پولیس اہلکار راشد دوران علاج چل بسا۔ مقتول خواجہ اجمیر نگری پولیس ہیڈ کوارٹر میں تعینات تھا۔ نجی ٹی وی کے مطابق 4 بڑی سیاسی اور دیگر جماعتوں کے 160 کارکن گرفتار ہوئے، سنی تحریک، کالعدم سپاہ صحابہ اور پیپلز امن کمیٹی کے کارکن بھی گرفتار کئے گئے۔ ایم کیو ایم کے 70 اور اے این پی کے 20 کارکنان گرفتار کئے گئے، پیپلز پارٹی کے 4، سنی تحریک کے 20 اور ن لیگ کا ایک کارکن گرفتار ہوا۔ کالعدم سپاہ صحابہ کے 8 اور کالعدم لیاری امن کمیٹی کے 40 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن سے پولیس اور رینجرز کی مشترکہ ٹیموں نے تفتیش کی۔
کراچی