ہر منصوبہ مشترکہ اثاثہ‘ پاکستان کی ترقی تمام صوبوں کی ترقی سے منسلک ہے : شہباز شریف

ہر منصوبہ مشترکہ اثاثہ‘ پاکستان کی ترقی تمام صوبوں کی ترقی سے منسلک ہے : شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کراچی میں گورنر عشرت العباد، وزیراعلیٰ قائم علی شاہ اور مسلم لیگ (ن) سندھ کے ارکان پارلیمنٹ و عہدےداروں سے ملاقاتیں کیں۔ شہبازشریف نے میڈیا سے گفتگو میں کہاکہ پاکستان کو دہشت گردی اور انتہا پسندی کے ساتھ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے بڑے چیلنج کا سامنا ہے، پوری قوم دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لئے یکسو ہے اور سیاسی و عسکری قیادت میں بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ قوم کے اتحاد اور اتفاق کی طاقت سے دہشت گردوں کو شکست دے کر دم لیں گے۔ دہشت گردی کے باعث ملک وقوم کا بے پناہ نقصان ہوا ہے۔ دہشت گردی کو شکست دئےے بغیر پاکستان ترقی وخوشحالی کی منازل طے نہیں کر سکتا۔ دہشت گردی کے خاتمے کےلئے صوبوں اور وفاقی حکومت کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ ملک میںغربت، کرپشن، اقربا پروری، ناانصافی اور دیگر سماجی برائیوں کا خاتمہ کرنا وقت کی ضرورت ہے کیونکہ یہ سماجی برائیاں بھی انتہا پسندی اور دہشت گردی کے رحجانات کو فروغ دےنے کا باعث بنتی ہیں راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس پراجیکٹ صرف جڑواں شہروں کا منصوبہ نہیں بلکہ پورے ملک کا قومی منصوبہ ہے اور اس کا فائدہ پاکستانی عوام کو ہو گا۔ سندھ کے گورنر اور وزیراعلیٰ سے انتہائی خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی جس میں مختلف اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات جلد ہوںگے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ، خیبرپی کے، بلوچستان، پنجاب، آزادکشمیر اور گلگت، بلتستان سب مل کر ہی پاکستان بنتا ہے اور ہمیں پاکستانی سوچ اپنا کر آگے بڑھنا ہے۔ خیبرپی کے میں میاں افتخار کی گرفتاری کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ پنجاب پولیس نے کسی بے گناہ کو ہتھکڑی نہیں لگائی جبکہ خیبرپی کےکی پولیس نے اسے ہتھکڑی لگائی جس کا نوجوان بیٹا شہید ہوا۔ چین کی طرف جن منصوبوں کا اعلان کیا گیا ہے ان میں سندھ کا حصہ 10ارب ڈالر ہے جبکہ پنجاب کا حصہ تقریبا ساڑھے 4ارب ڈالر ہے ہمیں خوشی ہے کہ سندھ میں زیادہ منصوبے لگ رہے ہیں، سندھ ترقی کرے گا تو پاکستان ترقی کرے گا۔ شہبازشریف نے گورنر سندھ عشرت العباد سے بھی ملاقات کی۔ شہبازشریف نے کہا پاکستان کا ہر منصوبہ ملک کا مشترکہ اثاثہ ہے۔ پاکستان کی ترقی تمام صوبوں کی ترقی سے منسلک ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کابینہ کمیٹی پرائس کنٹول کو ہدایت کی ہے کہ رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر معیاری اشیائے ضروریہ، سبزیوں اور پھلوں کی مناسب قیمت پر وافر فراہمی یقینی بنائی جائے۔ عوام کا مفاد سب سے زیادہ عزیز ہے، کسی کو ناجائز منافع خوری کی آڑ میں عوام کا استحصال نہیں کرنے دوں گا۔ شہباز شریف سے میکسیکوکے سفیر یولیسسز کینچولہ نے ملاقات کی۔ جس میں پاکستان اور میکسیکو کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دےنے کے امکانات پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعلی پنجاب نے گوجرانوالہ میں گھر میں آگ لگنے سے 2 بہن بھائیوں کے جھلس کر اور میاں چنوں میں مین ہول میں گر کر 2 بھائیوں کے جاں بحق ہونے کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
شہبازشریف