پاک فضائیہ چین سے 200 لڑاکا طیارے حاصل کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے: بھارتی میڈیا

کراچی(نیٹ نیوز)بھارتی میڈیا کا پاکستان کے خلاف زہریلا پروپیگنڈہ جاری، ایک اخبار نے لکھا ہے کہ پاک فضائیہ کے سربراہ ائر چیف مارشل سہیل امان کا دورہ چین بھارت کے فرانس سے 36رافیل جنگی جہازوں کے حصول کے اقدام کے تناظر میں ہو رہا ہے۔ پاک فضائیہ رواں برس چین سے 200لڑاکا طیارے حاصل کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ بھارتی اخبار’اکنامک ٹائمز‘ لکھتا ہے کہ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے چین میں اعلیٰ دفاعی حکام سے ملاقاتیں کی ہیں۔ پاکستان اور چین کے مشترکہ طور پر تیار کردہ جے ایف 17تھنڈر لڑاکا جیٹ کو اپ گریڈ کرنے کے لئے یہ دورہ کیا جارہا ہے۔ اخبار کے مطابق پاکستان چین کے فوجی ویئر پر بہت زیادہ انحصار کرتا ہے۔ اخبار نے دورے کے متعلق پاک فضائیہ کے ترجمان کے حوالے سے لکھا ہے کہ پاک فضائیہ کے سربراہ کا دورہ چین کا مقصد دونوں ممالک کے مشترکہ طور پر تیار سنگل انجن کثیر کردار جے ایف تھنڈر لڑاکا طیاروں کی جنگی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے۔