پاکستان بھارت تعلقات میں عوام کی خواہشات کے مطابق بہتری آ رہی ہے: رحمن ملک

پاکستان بھارت تعلقات میں عوام کی خواہشات کے مطابق بہتری آ رہی ہے: رحمن ملک

کراچی (اے پی پی) وفاقی وزیر داخلہ عبدالرحمن ملک نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت تعلقات میں دونوں ممالک کے عوام کی خواہش کے مطابق بہتری آ رہی ہے، پاکستان کسی صورت نہیں چاہتا ہے کہ تخریب کار پاکستان اور بھارت کے تعلقات کو خراب کریں، بھارتی وزیر خارجہ کے دورے کے موقع پر دونوں ممالک کے عوام کی سطح پر ویزے میں زیادہ نرمی کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو سٹیٹ گیسٹ ہاو¿س کراچی میں حضرت نظام الدین اولیائؒ کے سجادہ نشین سید ناظم علی نظامی سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر سجادہ نشین نے وفاقی وزیر داخلہ کو حضرت نظام الدین اولیاؒ کے مزار مبارک کی چادر اور ٹوپی بھی پیش کی۔ وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ کے دورے میں بزرگوں، بزنس مین برادری، صحافیوں اور شادی کے لئے جانے والوں کیلئے ویزا کی آسانیاں کر دی جائیں گی۔ اگر بھارت اپنا ویزا آفس کراچی میں کھولنا چاہے تو اس پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ میں جلد دہلی جاو¿نگا اور حضرت نظام الدین اولیاؒ کے مزار پر حاضری دونگا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ سجادہ نشین حضرت نظام الدین اولیاؒ پاکستان کی جانب سے پیار و محبت اور دوستی کا پیغام لے جائیں اور دعا کریں کہ دونوں ممالک کے عوام میں محبتوں میں اضافہ ہو۔