کراچی میں ایم کیو ایم کی دہشت گردی رکوائیں‘ وفاق میں بھرپور ساتھ دینگے نوازشریف کا گیلانی کو پیغام

کراچی (اے این این) مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کو پیغام بھجوایا ہے کہ وہ کراچی میں ایک سیاسی جماعت کی دہشت گردی رکوانے کیلئے کردار ادا کریں تو (ن) لیگ وفاق میں پیپلزپارٹی کی حکومت کو مضبوط بنانے کیلئے ان کا بھرپور ساتھ دے گی۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کا یہ پیغام پارٹی رہنمائوں چودھری نثار علی خان اور سینیٹر اسحاق ڈار نے وفاقی وزراء بابر اعوان اور قمر الزمان کائرہ کے ذریعے وزیراعظم سید یوسف رضاگیلانی کو بھجوایا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ ایم کیو ایم کراچی میں بڑے پیمانے پر خونی فسادات کرانا چاہتی ہے جس کیلئے طالبانائزیشن کا لفظ استعمال کیا جارہا ہے۔ ایم کیو ایم ریاست سے ٹکر لے رہی ہے مگر نہ جانے ریاستی ادارے کیوں خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں؟ اگر وزیراعظم ایم کیو ایم کے خلاف بڑے پیمانے پرآپریشن شروع کرواتے ہیں تو اس دوران وفاق میں پیپلزپارٹی کو جو بھی مشکلات درپیش ہوں گی مسلم لیگ (ن) اس سلسلے میں ان کا بھرپور ساتھ دے گی۔
نواز شریف/ پیغام