عمران خان کے سندھ داخلے پر ایک ماہ کیلئے پابندی

کراچی (ریڈیو نیوز + مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان پر صوبہ سندھ میں داخلے پر ایک ماہ کے لئے پابندی عائد کر دی گئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق عمران خان پر پابندی کے حوالے سے محکمہ داخلہ سندھ نے سیکرٹری داخلہ پنجاب کو آگاہ کر دیا ہے۔ تحریک انصاف کے سربراہ نے آج امن ریلی میں شرکت کے لئے کراچی آنا تھا‘ وزیر اطلاعات سندھ شازیہ مری کا کہنا ہے کہ عمران خان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سندھ کا دورہ منسوخ کر دیں‘ سندھ میں دفعہ 144 نافذ ہے جس کی وجہ سے تحریک انصاف‘ جماعت اسلامی سمیت کسی جماعت کو ریلی نکالنے کی اجازت نہیں۔ جبکہ محکمہ داخلہ سندھ نے پابندی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔ تحریک انصاف سندھ کے صدر عمران اسماعیل نے پابندی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت کو حکومت کا کوئی نوٹیفکیشن موصول نہیں ہوا‘ عمران خان پروگرام کے مطابق آج کراچی آئیں گے۔ نجی ٹی وی کے مطابق عمران خان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے سندھ داخلے پر پابندی غیر قانونی اور غیر آئینی ہے جس کا مقصد لندن میں الطاف حسین کے خلاف دائر مقدمہ واپس لینے کے لئے دباؤ ڈالنا ہے مگر وہ آج کراچی ضرور جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین اپنے آپ کو بچانے کے لئے کراچی میں پشتونوں اور ایم کیو ایم کو آپس میں لڑوا رہا ہے‘ برطانیہ کے پاس اس کے خلاف دہشت گردی کے واضح ثبوت ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ الطاف حسین کے جرائم پر کبھی اس کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے۔
عمران خان