انتخابات وقت مقررہ پر ہونگے، نگران حکومتیں آئین کے تحت بنیں گی: وزیراعظم

انتخابات وقت مقررہ پر ہونگے، نگران حکومتیں آئین کے تحت بنیں گی: وزیراعظم

کراچی (این این آئی) وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ملک میں آئندہ انتخابات مقررہ وقت پر منعقد کئے جائیں گے اور نگراں حکومتیں آئین کے مطابق تشکیل دی جائیں گی۔ کراچی میں قیام امن کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے اور وفاقی حکومت اس حوالے سے سندھ حکومت کی بھرپور مدد اور تعاون کرے گی۔ وہ ہفتہ کو گورنر ہاﺅس میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے وزیر اعظم کو کراچی میں قیام امن اور صوبے میں جاری ترقیاتی کاموں پر بریفنگ دی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے درمیان ورکنگ ریلشن شپ اور سندھ میں آئندہ بننے والی نگراں حکومت کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اپنی مدت پوری کررہی ہے جو عوام اور جمہوریت کی فتح ہے۔ انہوں نے کہا حکومت عوام کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔