کراچی: کیمیکل کے گودام، گارمنٹس اور گتے کی فیکٹریوں میں آتشزدگی
کراچی (نوائے وقت رپورٹ+آئی این پی) لائٹ ہاؤس کراچی اور سٹی کورٹ کے قریب واقعہ کیمیکل گودام میں گزشتہ روز آگ لگ گئی جس پر قابو پالیا گیا۔ کیمیکل گودام میں لگنے والی آگ نے قریب واقع نجی سکول کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا، ریسکیو عملے نے اردگرد عمارتوں کے مکینوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔ فائربریگیڈ حکام کے مطابق شدت کے باعث پہلے 6گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف رہیں بعدازاں 10مزید گاڑیاں منگوائی گئیں۔ میئر کراچی بھی آتشزدگی کے مقام پر پہنچے۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کیمیکل گوداموں کو شہر سے باہر ہونا چاہئے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سٹی کورٹ کے قریب گودام میں لگنے والی آگ کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو آگ بجھانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر انتظامات کرنے کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں گارمنٹس اور گتے کی فیکٹریوں میں بھی لگ لگ گئی جس پر قابو پالیا گیا۔ سائیٹ ایریا نورس چورنگی کے نزدیک گارمنٹس فیکٹری میں لگنے والی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے فیکٹری کی تین منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، ریسکیو عملے نے تین گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا اور 8 ملازمین کو بھی باحفاظت نکال لیا جبکہ نیو کراچی گودھرا میں گتے کی فیکٹری میں آتشزدگی کا پیش آیا جس کے بعد فائربریگیڈ کو طلب کیا گیا۔ فائربریگیڈ کی 5 گاڑیوں نے 30 منٹ کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔