کرپشن نے ملک کی بنیادیں کھوکھلی کردیں، میڈیا بدعنوان عناصر کو بے نقاب کرے: صدر ممنون

کرپشن نے ملک کی بنیادیں کھوکھلی کردیں، میڈیا بدعنوان عناصر کو  بے نقاب کرے: صدر ممنون

کراچی (ایجنسیاں) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ میڈیا معاشرے کے بدعنوان عناصر کو بے نقاب کرے، کرپشن نے ملک کی بنیادیں کھوکھلی کر دی ہیں، میڈیا ذمہ داری کا مظاہرہ کرے اور اپنے معاملات بات چیت سے حل کرے، میڈیا کی آپس کی لڑائی افسوسناک ہے، پاکستانی صحافی فیض اللہ نے کوئی ایسا جرم نہیں کیا کہ اتنی کڑی سزا دی جاتی ، ضرورت پڑی تو اسکی رہائی کیلئے افغان صدر حامد کرزئی سے خود بات کروں گا۔ وہ ہفتہ کو یہاں پی ایف یو جے (دستور) کے صدر ادریس بخیتار کراچی پریس کلب کے صدر امتیاز فاران سیکرٹری جنرل عامر لطیف کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر ساجد عزیز سیکرٹری جنرل رضوان بھٹی کی قیادت میں ملنے والے وفد سے ملاقات میں بات چیت کررہے تھے۔ ملاقات میں فیض اللہ کی اہلیہ ثانیہ فیض اور انکا بیٹا بھی موجود تھے۔ صحافیوں کے وفد نے افغانستان میں قید صحافی فیض اللہ کی رہائی کا معاملہ اٹھایا، صدر نے کہا کہ فیض اللہ کی رہائی کیلئے کوششیں جاری ہیں، جلد کامیابی کی توقع ہے۔ صدر مملکت نے یقین دلایا کہ دفتر خارجہ کو بلا کر اس حوالے سے وضاحت طلب کریں گے۔ تمام چینلز کو برابری کی سطح پر ایک ہی نظر سے دیکھتے ہیں۔