کراچی: پولیس مقابلوں میں گینگ وار کے دو ملزم مارے گئے، 2 زخمی حالت میں گرفتار

کراچی (این این آئی)کراچی میں پولیس مقابلوں میں کے دوران گینگ وار کے 2 ملزمان مارے گئے۔ پولیس نے مقابلے کے بعد 2 کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق کلاکوٹ تھانے کی حدود میں رینجرز اور پولیس نے خفیہ اطلاع پر افشانی گلی اور اسکے اطراف کو گھیرے میں لے لیا۔ گھر گھر تلاشی کے دوران لیاری گینگ وار کے ملزمان نے رینجرز پر فائرنگ کردی۔ رینجرز کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں گینگ وار کا کارندہ فہیم عرف گٹکا ولد محمد عثمان ہلاک ہوگیا۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا جبکہ کلاکوٹ تھانے کی حدود جھٹ پٹ مارکیٹ لیاری ٹاؤ ن میں رینجرز نے مقابلے کے بعد سلیم اکبر ولد اکبرحسین کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ کلری میں پولیس مقابلے میں لیاری گینگ وار کے بابا لاڈلا گروپ کا کارندہ منا بنگالی مارا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم بھتہ خوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا۔ ایس ایس پی ویسٹ عرفان بلوچ کے مطابق سائٹ ٹاؤن پولیس نے مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا ہے۔ ملزم سٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ہے۔