اسرائیل مسلمانوں کی نسل کشی کر رہا ہے، عالمی طاقتیں خاموش ہیں: فلسطینی سفیر

کراچی (ثناء نیوز) فلسطینی سفیر ولید ابوعلی نے جمعیت علماء پاکستان کے اجتماع سے ٹیلیفونک خطاب میں کہاہے کہ مجھے پاکستانی بھائیوں پر فخر ہے جنہوں نے ہمیشہ فلسطین اور فلسطینیوں کی حمایت کی اور آج اہلیان کراچی نے فلسطینیوں کی اخلاقی حمایت کیلئے اس اجتماع کا انعقاد کیا جس کو قدرکی نگاہ سے دیکھتا ہوں۔ جمعیت علماء پاکستان کی جانب سے غزہ کے مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے سالانہ نورانی عید ملن کے اجتماع سے مرکزی سیکریٹری جنرل پیر محفوظ شاہ مشہدی، سردار خان محمد لغاری سمیت متعدد رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔ فلسطینی سفیر ولید ابوعلی نے اپنے ٹیلیفونک خطاب میں کہاکہ اب تک 1700 سے زائد شہادتیں، 10000 سے زائد عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں،  82 فیصد ہلاک اورزخمی ہونے والے عام شہری ہیں۔ اسرائیلی بمباری سے ہسپتال، سکول اور مساجد بھی محفوظ نہیں ہیں، اسرائیل مسلمانوں کی نسل کشی کررہا ہے اور بین الاقوامی قوتیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ امریکی صدر آج بھی ایک اسرائیلی فوجی کی گمشدگی کا رونا رو رہے ہیں انہیں نہتے فلسطینیوں کے قتل عام کی کوئی فکر نہیں ہے۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پیر محفوظ شاہ مشہدی نے کہاکہ اسرائیل کا وجود عالم اسلام میں ناسورکی مانند ہے اور اس ناسور کا ہمیں علاج کرنا ہو گا، غزہ پر برسنے والاہر بم ہمارے وجود پر برس رہا ہے۔ جے یوپی کے مرکزی رہنما سردار محمد خان لغاری نے کہاکہ عالم اسلام کو ایک سازش کے تحت شیعہ اور سنی مسالک میں تقسیم کیا جا رہا ہے اور مسلم حکمران عیاشیوں اور سازشوں میں مشغول ہیں۔