کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ جاری ، مختلف واقعات میں مزید چارافراد ہلاک ہوگئے ۔

پولیس کے مطابق آج صبح تین ہٹی کے قریب پچیس سالہ نوجوان کی تشدد زدہ لاش ملی ہے جس کی شناخت جان محمد کے نام سے ہوئی ہے ۔ نامعلوم افراد نے اسے چھریوں کے وار کرکے قتل کیا اور بعد میں اس کا گلا کاٹ دیا۔ پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد لاش سول ہسپتال منتقل کردی ہے۔ ماڑی پورکے علاقے میں نامعلوم ملزموں کی فائرنگ سے بیالیس سالہ محمد اشرف ہلاک ہوگیا۔ ادھر گلشن اقبال کے علاقے میں دو موٹرسائیکل سواروں نے اسلحہ چھیننے میں مزاحمت پرایک ڈیپارٹمنٹل سٹور کے سیکورٹی گارڈ کو فائرنگ سے ہلاک کردیا ۔ ایک اور واقعہ شاہ فیصل کالونی کے علاقے میں پیش آیا جہاں مسلح افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کردی جس سے ایک شخص ہلاک ہوگیا ۔پولیس نے قتل کی وجہ ذاتی دشمنی قرار دی ہے۔ مقتول کی لاش کو پولیس کارروائی کے لئے جناح ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔