کراچی میں ایک اور مقابلے میں دو اغوا کار ہلاک جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ سے خاتون سمیت نو افراد جاں بحق اور پولیس اہلکار سمیت چھ زخمی ہوگئے۔

خبریں ماخذ  |  کرائم رپورٹر
کراچی میں ایک اور مقابلے میں دو اغوا کار ہلاک جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ سے خاتون سمیت نو افراد جاں بحق اور پولیس اہلکار سمیت چھ زخمی ہوگئے۔


پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے ایوب گوٹھ میں اے وی سی سی اور سی پی ایل سی نے مقابلے کے بعد مغوی کریم کو بازیاب کرالیا تاہم مقابلے میں دو اغوا کارہلاک اور چار فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق اغوا کاروں نے کریم کی رہائی کے لیے ساٹھ لاکھ روپے تاوان طلب کیا تھا۔ میوہ شاہ قبرستان کے قریب ندی سے خاتون کی کئی روز پرانی لاش برآمد ہوئی ہے۔ نارتھ کراچی فائیواے ٹو مدیحہ اسٹاپ کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا۔ جمشید روڈ پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا جس کی شناخت فیصل لنگڑا کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق مقتول کا تعلق گینگ وار سے تھا۔ ملیر سعود آباد میں فائرنگ سے چالیس سالہ سعید جاں بحق ہوگیا جبکہ بلدیہ ٹاؤن سعید آباد میں فائرنگ سے محمد اسلم چل بسا۔ ملیر کے علاقے جعفر طیار میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ اردو بازار سے بوری بند لاش ملی جس کی شناخت نہیں ہوسکی۔ کورنگی انڈسٹریل ایریا میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے اٹھائیس سالہ محمد رضا کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ گلبہار کے علاقہ گولی مار میں فائرنگ سے شاہد نامی شخص چل بسا۔ گلشن اقبال، بلدیہ ٹاؤن، سعید آباد اور خاموش کالونی سمیت دیگر علاقوں میں فائرنگ سے پولیس اہل کار سمیت چھ افراد زخمی ہوگئے۔ ادھر اینٹی وائلینٹ کرائم سیل نے لانڈھی میں کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ ایس پی نیاز کھوسہ کے مطابق ملزمان وسیم، مہتاب اور اقبال ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔