لٹیرے عوام کے ووٹ پر ڈاکہ مارنے کی سازشوں کے منصوبے بنارہے ہیں ‘ ثروت اعجاز
کراچی (نیوز رپورٹر) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ لٹیرے عوام کے ووٹ پر ڈاکہ مارنے کی سازشوں کے منصوبے بنارہے ہیں ،عوام کو اپنے ووٹ کا تحفظ اورحقیقی نمائندوں کو آگے لانے کیلئے بھرپور طاقت کا مظاہرہ کرنا ہوگا،اورنگی ٹائون کی گلی محلوں میں گندگی پانی کے ڈھیر سیوریج کاناقص نظام ماضی میں عوام کو سہانے خواب دیکھانے والوں کا کارنامہ ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اورنگی ٹائون میں انتخابی مہم کے سلسلے میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ سیاست عوام کی خدمت اور عبادت ہے ،بدقسمتی سے عوام کو ان کے حقوق سے محروم کرنے والوں نے سیاست کو مکر ،جھوٹ فریب بنادیا جس کی وجہ سے غریب آدمی سیاست سے دور رہتا ہے ۔ ثروت اعجاز قادری نے ملٹری پولیس کے اہلکاروں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگرد ملکی سلامتی کے محافظوں کو نشانہ بناکر خوف کی فضا قائم کرنا چاہتے ہیں ،مگر وہ اپنے اس ناپاک مقصد میں کسی صورت کامیاب نہیں ہوسکتے ،ملٹری پولیس اہلکاروں کی شہادت پر پوری قوم افسردہ ہے ۔ثروت اعجاز قادری نے ملکی سلامتی کے اداروں ،وفاقی وصوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ تبت سینٹر کے قریب ملٹری پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث دہشتگردوں کو فوری طور پر گرفتار کرکے منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔