متحدہ کی قیادت میں اختلافات، مصطفی کمال، انیس قائم خانی بیرون ملک چلے گئے، مصطفی کمال کا استعفی منظور نہیں ہوا: رابطہ کمیٹی

متحدہ کی قیادت میں اختلافات،  مصطفی کمال، انیس قائم خانی بیرون ملک چلے گئے،  مصطفی کمال کا استعفی  منظور نہیں ہوا: رابطہ کمیٹی

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) ایم کیو ایم کی مقامی قیادت اختلافات کا شکار ہوگئی‘ انیس قائم خانی اور مصطفی کمال ناراض ہوکر ایک ماہ سے نامعلوم مقام پر منتقل ہوگئے جبکہ متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ مصطفی کمال گزشتہ کئی ماہ سے بعض نجی اور ازدواجی مسائل کی وجہ سے بیرون ملک مقیم ہیں۔ اتوار کو نجی ٹی وی کے مطابق ایم کیو ایم کے رکن انیس قائم خانی اور مصطفی کمال ناراض ہوکر ایک ماہ سے نامعلوم مقام پر منتقل ہوگئے جبکہ متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے  کہاکہ اصل حقیقت یہ ہے کہ مصطفی کمال گزشتہ کئی ماہ سے بعض نجی اور ازدواجی مسائل کا شکار ہیں جس کی وجہ سے وہ بیرون ملک مقیم ہیں اور بیرون ملک روانگی سے قبل سید مصطفی کمال نے ایم کیوایم کی قیادت کو باضابطہ طور پر مطلع بھی کیا تھا۔ مصطفی کمال نے اپنی نجی مصروفیات ہی کی وجہ سے اس سال نومبر کے اوائل میں سینیٹ کی رکنیت سے اپنا استعفیٰ پارٹی قیادت کو بھجوا دیا تھا تاہم پارٹی قیادت نے اسے اب تک منظور کرنے کا فیصلہ نہیںکیا۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ناظم کراچی کی حیثیت سے مصطفی کمال نے جو خدمات انجام دیں اور جس جانفشانی سے کام کیا اس سے پوری دنیا واقف ہے۔ ایم کیوایم نہ صرف ان خدمات کا اعتراف کرتی ہے بلکہ اس پر انہیں زبردست خراج تحسین بھی پیش کرتی ہے۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کراچی کی نظامت سے الگ ہونے کے بعد 2009ء میں بھی سید مصطفی کمال نے روزگار اور کاروبار وغیرہ کیلئے کچھ عرصہ کیلئے تحریکی سرگرمیوں سے رخصت لی تھی جو انہیں بخوشی دیدی گئی تھی اور اس مرتبہ بھی قائد تحریک الطاف حسین، ایم کیوایم کی پوری رابطہ کمیٹی اور کارکنان، مصطفی کمال کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں اور دعا گو ہیں کہ وہ جن نجی مسائل کا شکار ہیں، اللہ تعالیٰ ان کا جلد ازجلد خاتمہ کرے تاکہ وہ مستقبل میں ایک بارپھر پوری دل جمعی سے ایم کیوایم کی سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں۔