شاہراہوں کو اپ گریڈ کرکے ترقی کا حصول نصب العین ہے‘ ارشد محمود

شاہراہوں کو اپ گریڈ کرکے ترقی کا حصول نصب العین ہے‘ ارشد محمود

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی ممبر آپریشنز نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) ارشد محمود چوہدری نے کہا ہے کہ پائیدار ترقی سے ہمکنار شاہراہوں کو استحکام دے کر ملکی اور بین الاقوامی ترقی کے حصول کے اہداف کو یقینی بنانا این ایچ اے کا عزم ہے اور ہم وطن عزیز کی موجودہ شاہراہوں کو اپ گریڈ کرنے کے ساتھ ساتھ نیشنل ٹریڈ کاریڈور اور موٹر ویز نیٹ ورک کو موثر اور جامع منصوبہ بندی کے تحت مکمل کرنے کے خواہاں ہیں، قومی شاہراہیں استعمال کرنے والوں پر لازم ہے کہ وہ اوور لوڈنگ سے اجتناب کریں کیونکہ ہماری سڑکیں مقررہ اوزان سے زیادہ وزن اٹھانے کی متحمل نہیں ہوسکتیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو ایرینہ کمپلیکس کراچی میں شاہراہوں کے سالانہ مرمتی منصوبہ برائے سال 2013-14 کے حوالے سے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے جملہ شراکت داروں پر مشتمل مشاورتی اجلاس کی صدارت اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں جنرل منیجر سندھ فقیر رشید الدین، ڈی آئی جی موٹر وے پولیس ولی اللہ دل، بی ایم نادرن ایریا عتیق الدین، گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنز، سی این جی، ایسوسی ایشنز اور پیٹرول پمپ ایسوسی ایشنز کے نمائندوں سمیت قومی شاہراہوں کو استعمال کرنے والوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی جبکہ این ایچ اے اور موٹر وے پولیس کے متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔