کراچی: فائرنگ‘ تشدد اور حادثات کے واقعات میں 8 افراد جاں بحق

کراچی(آن لائن) کراچی میں فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں ایک خاتون سمیت پانچ افراد قتل کردیئے گئے جبکہ دیگر حادثات وواقعات میں ایک خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق اور 5 افراد زخمی ہوگئے۔جبکہ مشتعل افراد نے ایک بس کو نذر آتش کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ماڈل کالونی تھانی کی حدود ملیر شیٹ نمبر27میں نیو کوئٹہ ملنگ ہوٹل کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کرکے 25سالہ راشد کو قتل کر دیا۔ پرانا گولیمار بسم اللہ ہوٹل کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 25 سالہ عرفان ہلاک ہوگیا۔ گودھرا کے علاقہ فاروق اعظم مسجد کے قریب نالہ سے بوری بندہاتھ پائوں بندی لاش ملی ہے۔ بلدیہ ٹائون میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے 24سالہ رشید خان ولد ذیشان خان کو قتل کردیا۔ بلال کالونی میں نامعلوم افراد نے کلہاڑیوں کے وار کرکے 35 سالہ خاتون ساجدہ قتل کر دیا۔ سرجانی نالہ سے 40سالہ فرخ ولد شمیم صدیقی کی ڈوبی ہوئی لاش ملی ہے۔ منی بس W-22کی ٹکر سے ایک خاتون ہلاک جبکہ 2افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ عائشہ منزل کے قریب ٹرک نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں 45سالہ شہناز زوجہ معین ہلاک جبکہ 50سالہ معین ولد عزیز اور 20سالہ سعدیہ دختر معین شدید زخمی ہوگئے۔