بلاول بھٹو کی ہدایت پر شرجیل میمن کا تحریک انصاف کے رہنمائوں سے رابطہ سندھ حکومت تحریک انصاف کے دھرنوں کو سہولت دیگی، پی ٹی آئی رہنمائوں کو یقین دہانی
کراچی (ایجنسیاں) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایت پر سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات اور پیپلز پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات شرجیل میمن نے تحریک انصاف کے رہنمائوں عارف علوی، نادر اکمل لغاری، ارکان سندھ اسمبلی ثمر علی خان اور ڈاکٹر سیما ضیا سے رابطہ کیا ہے۔ شرجیل میمن نے تحریک انصاف کے رہنمائوں کو اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ سندھ حکومت سندھ بھر میں تحریک انصاف کے تحت احتجاجی دھرنوں اور مظاہروں کو مکمل سہولیات فراہم کریگی۔ انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج اور دھرنے جمہوریت کا حسن ہیں۔ شرجیل میمن نے ان رہنمائوں کو اس بات کی بھی یقین دہانی کرائی کہ سندھ پولیس پرامن مظاہرین کو مکمل سکیورٹی فراہم کریگی۔ شرجیل میمن نے اسلام آباد میں کارکنوں پر ہونیوالے وحشیانہ تشدد اور زخمی ہونیوالے کارکنوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔