ڈاکٹر عاصم کے ریمانڈ میں 7 روز کی توسیع‘ نیب کو تفتیش کی اجازت
کراچی (ایجنسیاں) کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر عاصم حسین کے جسمانی ریمانڈ میں7 روز کی توسیع کرتے ہوئے قومی احتساب بیورو (نیب) کو تفتیش میں شامل ہونے کی اجازت دے دی، ڈاکٹر عاصم پرقانون شکنی کرتے ہوئے علاج کے بہانے سے مفرور ملزموں اور دہشت گردوں کو اپنے ہسپتال میں پناہ دینے کا الزام ہے۔ پیر کو ڈاکٹر عاصم کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر انہیں کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے انتظامی جج نعمت اللہ پھلپوٹو کے روبرو پیش کیا گیا۔ پولیس کے تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم عاصم حسین نے اس کمرے اور وراڈ کی نشاندہی کر دی ہے جس میں جرائم پیشہ افراد کا علاج کیا جاتا تھا اور مزید تفتیش کے لیے جسمانی ریمانڈ میں اضافہ کیا جائے۔ سماعت کے دوران قومی احتساب بیورو کے افسر ضمیر عباسی نے عدالت میں پیش ہو کر درخواست کی کہ اسی ریمانڈ کے دوران انہیں بھی ملزم سے تفتیش کی اجازت دی جائے کیونکہ وہ بدعنوانی کے معاملات میں ان سے تفتیش کرنا چاہتے ہیں۔ اس پر عدالت نے انہیں تفتیش کا حصہ بننے کی اجازت دے دی۔ دوسری جانب جوڈیشل مجسٹریٹ وسطی کی عدالت میں ڈاکٹر عاصم کیس کے اہم گواہ ضیاء الدین ہسپتال کے ڈپٹی میڈیکل ڈائریکٹر یوسف ستار نے بیان ریکارڈ کرا دیا، ڈاکٹر یوسف ستار نے بیان میں انکشاف کیا کہ ایم کیو ایم رہنما فون پر دہشت گردوں کے علاج کیلئے دبائو ڈالتے تھے، ایم کیو ایم رہنمائوں کے کہنے پر 28 دہشت گردوں کا علاج کیا گیا۔ پیپلز پارٹی کے رہنما قادر پٹیل کے کہنے پر لیاری گینگ وار کے دہشت گردوں کا علاج بھی کیا، ڈاکٹر عاصم کو ایسے تمام مریضوں کا علم تھا جنہیں علاج کی سہولت فراہم کی گئی تھیں۔ ڈاکٹر یوسف ستار نے ڈاکٹر عاصم کے خلاف ایف آئی آر میں الزامات کی تصدیق کی اور کہا کہ جن بھی مریضوں کا علاج کیا گیا وہ سب کچھ ڈاکٹر عاصم حسین کے علم میں تھا۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر یوسف کے اقبالی بیان کے دوران ڈاکٹرعاصم بھی موجود تھے، وہ یہ بیان خاموشی سے سنتے رہے اور اس پر کوئی اعتراض نہیں کیا۔ این این آئی کے مطابق ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے نے اہم پیش رفت کی ہے۔ ڈاکٹر عاصم حسین اور ان کی فیملی کے اکائونٹس سے 2 ارب روپے بیرون ملک منتقل کرنے کا سراغ لگا لیا گیا۔ رقم دبئی، امریکہ اور برطانیہ منتقل کی گئی۔ منتقل کی جانے والی رقم سے دبئی میں پراپرٹی خریدی گئی جبکہ دبئی میں ایک ہسپتال کو 50 ہزار درہم کی ادائیگی بھی کی گئی۔
اسلام آباد (نامہ نگار) نیب ڈاکٹر عاصم کے 90 روزہ ریمانڈ کی درخواست دے گا، نیب کی جانب سے ملزم کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عاصم کے ریمانڈ کے سات روز پورے ہونے کے بعد نیب کی جانب سے نوے روزہ ریمانڈ کی درخواست دی جائے گی نیب کی جانب سے جلد ہی ڈاکٹر عاصم کے پولیس سے نیب کی تحویل میں جانے کا امکان ہے۔