پی آئی اے کا حج آپریشن مکمل‘ ایک لاکھ حجاج کو وطن واپس پہنچادیا گیا

پی آئی اے کا حج آپریشن مکمل‘ ایک لاکھ حجاج کو وطن واپس پہنچادیا گیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن کامیابی سے مکمل ہو گیا ہے جس کے دوران پروازوں کی جدہ سے بروقت آمد 85 فیصد رہی۔ آخری پرواز PK-3662 جمعہ کی صبح کوئٹہ پہنچی۔پی آئی اے ترجمان کے مطابق تقریباً ایک لاکھ حجاج کرام کو وطن واپس پہنچایا گیا ہے۔پی آئی اے نے196 حج پروازوں کے ذریعے83,000 حجاج کو وطن واپس پہنچایا . 4 خصوصی چارٹر پروازوں کے ذریعے 1989 حجاج کو رنگون پہنچایا گیا جبکہ 15,000 حجاج کرام نے شیڈول پروازوں کے ذریعے سفر کیا۔1 2 پروازوں پر 10ہزار353 حجاج کراچی،35 پروازوں سے17ہزار385حجاج اسلام آباد، 34 پروازوں سے17ہزار783 حجاج لاہور،43 پروازوں سے13ہزار973 حجاج پشاور،41 پروازوں سے13ہزار275حجاج کوئٹہ، 7 پروازوں سے 3ہزار491 حجاج سیالکوٹ اور14 پروازوں سے7ہزار6 حجاج ملتان پہنچے۔پی آئی اے کے مینیجنگ ڈائریکٹر محمد جنید یونس نے کہا ہے کہ بعد از حج آپریشن کے شروع کے دنوں میں دنیا کی 74 ائر لائنوں کے ذریعے 80 ہزار سے ایک لاکھ مسافر روزانہ سفر کر رہے ہوتے ہیں جس کی وجہ سے سیکورٹی چیکنگ، امیگریشن وغیرہ کی وجہ سے پروازوں کی جدہ حج ٹرمینل سے روانگی میں تاخیر ہوتی ہے۔مینیجنگ ڈائریکٹر نے پی آئی اے ملازمین کو کامیاب حج آپریشن پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملازمین کی دن رات محنت، ٹیم ورک اور ذمہ داری سے کام کرنے سے ہی اس بہت بڑے آپریشن کو کسی بڑی مشکل کے بغیر کامیاب بنانے میں مدد ملی ہے۔