کراچی: عید پر بھی قتل و غارت جاری، پولیس اہلکار سمیت 11افراد جاں بحق، 19 زخمی
کراچی (کرائم رپورٹر) شہر کے مختلف علاقوں میں عید، دوسرے اور تیسرے روز تشدد کے واقعات اور مزاحمت پر پولیس اہلکار ایک عورت سمیت 11 افراد جاں بحق اور 19 زخمی ہو گئے۔ کورنگی تھانے کی حدود کے ایریا نمبر 3 بنگالی پاڑہ ٹیکنیکل کالج سے ہاتھ اور پائوں بندھی تشدد زدہ سر میں گولی لگی 25 سے 30 سالہ نامعلوم شخص کی نعش ملی۔ مسجد گلزار مدینہ کے قریب گھر میں گھس کر دو موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے 35 سالہ یاسین کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ بعید ولیج میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی گھر کے اندر بیٹھے ہوئے 30 سالہ سید فضل عباس شاہ ولد منیر شاہ کو آکر لگی جس سے وہ زخمی ہوگیا۔ کورنگی نمبر ایک مین روڈ پر ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر پیٹ میں گولی لگنے سے 25 سالہ عمران زخمی ہو گیا۔ نصرت بھٹو کالونی امام بارگاہ کے قریب بچوں کے جھگڑے کے بعد دو گروپوں کے درمیان تشدد اور فائرنگ سے پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ الفلاح روڈ پر فائرنگ سے 45 سالہ اقبال پرویز عرف پیجا ولد فضل کریم کو نامعلوم افراد نے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ بلاک نمبر 5 کلفٹن سے گلا کٹی ہوئی 65 سالہ خاتون بلقیس کی نعش برآمد کر لی گئی۔ ڈاکخانہ چورنگی کے قریب آپس کے جھگڑے کے دوران فائرنگ سے محمد فاروق سر میں گولی لگنے سے ہلاک ہوگیا۔ منظور کالونی میں نامعلوم افراد نے اے ٹی ایم مشین توڑکر رقم چوری کرنے کی کوشش کے دوران سکیورٹی گارڈ عارف مرزا کوگلا گھونٹ کر مار دیا گیا۔ ادھر منگھوپیر کے علاقے فیروز آباد میں مسلح افراد نے عملیات کا کام کرنے والے شخص طاہر جلالی کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا۔ عید الفطر کے تیسرے روز موٹرسائیکل سوار مسلح افراد نے پولیس کا نسٹیبل 48 سالہ عبدالرزاق کو فائرنگ کرکے مار ڈالا۔ تھانہ رضویہ کی حدود ناظم آباد نمبر 2 میں واقع مسرت سینما کے قریب ہائی میں پراسرار دھماکے سے 4 افراد محمد کریم‘ سعیداللہ‘ فضل کریم اور محمد شبیر زخمی ہو گئے جبکہ گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔ ائرپورٹ کے قریب تیزرفتار گاڑی کی ٹکر سے 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن کے باعث سندھ بھر میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔ آئی ڈی پیز کے حوالے سے پہلے بھی کہا ہے کہ سندھ متاثرین کی رہائش کا متحمل نہیں ہو سکتا، اب بھی موقف پر قائم ہیں۔ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ میں 65 فیصد کمی ہوئی ہے۔ علاوہ ازیں لیاری میں فائرنگ سے ایک شخص مارا گیا۔ بغدادی میں رینجرز کے ساتھ مقابلے میں گینگ وار کے 3 کارندے مارے گئے جبکہ رینجرز نے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کر لیا۔ فائیو سٹار چورنگی پر پولیس مقابلے میں ڈاکو ہلاک ہو گیا۔