حکومت ترقیاتی سکیموں کی رفتار پر خصوصی توجہ دے رہی ہے : غازی امان اللہ
جھنگ(نامہ نگار)پنجاب حکومت ضلع بھر میں جاری ترقیاتی سکیموں کی رفتار پرخصوصی توجہ دے رہی ہے اس ضمن میں ضلعی حکومت کی طرف سے 19کروڑ17لاکھ 4ہزار روپے کے گراں قدر فنڈز سے ضلع بھر کے مختلف سرکاری سکولوں کی اپ گریڈیشن اور قیام ،خستہ حال عمارتوں کی تعمیر، اضافی کلاس رومزکی فراہمی اور سرکاری رہائش گاہوں کی تعمیرو مرمت ، بحالی اوربنیادی مراکز صحت و ڈسپنسری کے قیام کا کام مکمل کیا جائیگا۔یہ بات ڈسٹرکٹ آفیسر بلڈنگ نے ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر غازی امان اللہ کی ہدایت پر اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتائی ۔ انہوںنے تفصیلات کے دوران بتایا کہ 11کروڑ70لاکھ68ہزار روپے کی لاگت سے ضلع کے مختلف سرکاری بوائز و گرلز سکولوں کی اپ گریڈیشن کی جائیگی۔ سرکاری سکول ، بنیادی مرکز صحت اور دسپنسری کے قیام کےلئے 3کروڑ73لاکھ89ہزار روپے کی رقم مختص کی گئی ہے ۔ اسی طرح 2کروڑ 61لاکھ27ہزار روپے کے فنڈ سے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کوٹ خیرا میں اضافی کلاس رومز، چار دیواری اور کثیر المقاصد ہال کی سہولیات فراہم کی جائینگی جبکہ سالانہ ترقیاتی سکیم کے تحت 93لاکھ20ہزار روپے کی لاگت سے خستہ حال عمارتوں کی تعمیرومرمت کرنے کے علاوہ 18لاکھ روپے کی رقم ضلع کی مختلف سرکاری عمارتوں کی تعمیرو مرمت پر خرچ ہوگی۔