کشمیری حریت پسند جلد خوشی کی خبر سنیں گے: عبداللہ عالم

جدہ ( امیر محمد خان سے ) کشمیر میں جدوجہد کرنے والے حریت پسند جلد خوشی کی خبر سنیں گے ، بحیثیت نئے اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل اور کشمیر کے معاملات کے ذمہ دار کی حیثیت میں ممکن بناﺅں گا کہ کشمیر کے سلسلے میں او آئی سی کی قراردادوں پر عمل درآمد ہو یہ بات جدہ میں او آئی سی کے اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل اور او آئی سی میں امور کشمیر کے انچارج سفیر عبداللہ عالم نے کشمیر کمیٹی کے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ جدہ میں تقریب کا اہتمام پاکستان کشمیر کمیٹی کی زیر اہتمام ہوا۔ جس کے مہمان خصوصی او آئی سی کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل اور جموں و کشمیر کے لئے سفیر عبداللہ عالم تھے ۔ عبداللہ عالم نے کہا کہ خطہ میں امن کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے باوجود ہم کشمیریوں کو یقین دلاتے ہیں کہ آزادی کی جدوجہد میں او آئی سی مسلم امہ کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے حقوق کے لئے اسلامی کانفرنس تنظیم کی منظور کی ہوئی قرار دادوں کو نافذ کرنے کے لئے کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہاکہ مجھے یقین ہے کہ انشاءاللہ جلد ہی کشمیری اپنی اس جدوجہد کا نتیجہ بھارتی جبر و ظلم سے آزادی کی صورت میں دیکھیںگے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے مذاکرا ت کے ذریعے کشمیریوں کی مرضی کے مطابق پرامن حل کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کو ٹھوس بنیادوں پر مذاکرات سے اس دیرینہ مسئلہ کا حل نکالنا چاہئے۔ اس موقع پر سعودی دانشور اور صحافی طارق مشخص نے کہا کہ ہر سال ہم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا دن مناتے ہیں اور ہر سال کشمیر میں شہیدوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔ مسلم اُمہ کو اپنے مسائل کے حل کے لئے عمل کی ضرورت ہے مذاکرات کی نہیں۔ہمیں دوسروں کی بجائے اپنی ذات پر اعتماد کرکے اپنے مسائل حل کرنے چاہئے ہمیں اللہ تعالی کی ذات پر یقین ہے ۔ رات کتنی بھی طویل ہو صبح ہو کر رہتی ہے۔ انہوں نے کہا جب امریکی صدر نے اپنا عہدہ سنبھالا تھا تو کشمیر کا خصوصی ذکر کیاتھا کہ وہ مسئلہ کشمیر بھی حل کرائیں گے مگر وہ گرم جوشی اب ٹھنڈی ہوگئی اور گزشتہ ایک سال سے کشمیر کا کوئی ذکر نہیں ۔ قونصل جنرل پاکستان ڈاکٹر محمد فیصل نے یکجہتی کشمیر پر صدر پاکستان آصف علی زرداری اور وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے پیغامات پڑھکر سنائے۔ پاکستان کشمیر کمیٹی کے صدر مسعود احمد پوری نے کہا کہ اقوام عالم بھارتی کو مجبور کرے کہ وہ کشمیریوں کو حق خود اختیاری دے کر ان کا مطالبہ پورا کرے ورنہ ایک چنگاری کسی بھی وقت دُنیا کا امن تباہ کر سکتی ہے۔ اس موقع پر پاکستان اسکول انگریزی سیکشن نے کشمیر کی ثقافت کو اجاگر کرنے اور وہاں ہونے والے ظلم و ستم کی طرف توجہ دلانے کیلئے خوبصورت کشمیر کانرز بنائے تھے جسے مہمانوں نے دلچسپی سے دیکھا۔ تقریب کی نظامت کے فرائض سیکریٹری جنرل کشمیر کمیٹی چوہدری اعظم ے ادا کئے ۔