پنجاب کی ناانصافیوں سے چھٹکارے کیلئے سرائیکی صوبہ بنانا پڑیگا: عبدالقیوم جتوئی

جدہ (امیر محمد خان سے) پاکستان کو مضبوط رکھنے کیلئے ضروری ہے کہ سرائیکی عوام کو انکے حقوق دئے جائیں، پنجاب کی ناانصافیوں سے چھٹکارے کیلئے سرائیکی صوبہ بنانا پڑے گا، یہ بات پاکستان کے وفاقی وزیر برائے ڈیفنس پروڈیکشن عبدالقیوم خان جتوئی نے جدہ میں نوائے وقت اور وقت ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہی، وفاقی وزیر نے کہا کہ پنجاب کا صوبہ بہت بڑا ہے‘ انہوں نے کہا کہ اس وقت پنجاب کی نو کروڑ آبادی میں سرائیکی عوام کی تعداد چار کروڑ ہے جبکہ ایک کروڑ سرائیکی سندھ میں آباد ہیں۔ عبدالقیوم جتوئی نے بتایا کہ اس وقت قومی اسمبلی میں تیس اراکین سرائیکی ہیں جبکہ ہمیں حمایت دیگر جماعتوں اور اراکین کی بھی ہے، پاکستان سے محبت صرف پنجاب میں ہی رہ کر نہیں ہوتی اپنے حقوق لیکر بھی وطن سے محبت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری وزارت بہت اہم ہے مگر بیوروکریسی مجھے میری مرضی کا سٹاف دینے کو تیار نہیں۔