قائم علی شاہ کو سینئر وائس چیئرمین بنانے سینٹ میں لانے کی تجویز پر غور
اسلام آباد (سجاد ترین/ خبر نگار خصوصی) سندھ کے سابق وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ کو پیپلز پارٹی کا سینئر وائس چیئرمین بنانے اور سینٹ میں لانے کی تجویز پر غور ہورہا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق مخدوم امین فہیم کے انتقال کے بعد پارٹی میں وائس چیئرمین کا عہدہ خالی تھا۔ پارٹی رہنماؤں نے چیئرمین بلاول بھٹو کو تجویز دی ہے کہ سید قائم علی شاہ کو پارٹی کا وائس چیئرمین بنا دیا جائے اور سعید غنی جن کو وزیراعلیٰ سندھ کا مشیر مقرر کیا گیا ہے ان سے سینٹ کی سیٹ خالی کروا کر سید قائم علی شاہ کو سینیٹر منتخب کروا دیا جائے۔ ذرائع کے مطابق آئندہ ہفتے اس بارے میں حتمی فیصلہ ہوجائیگا۔