وفاقی بیورو کریسی میں تقرر و تبادلے، ڈاکٹر اسلم ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین مقرر
اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی حکومت نے بیورو کریسی میں اہم تقرریاں اور تبادلے کئے ہیں جن کے تحت ڈاکٹر اسلم کو ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کا چیئرمین مقرر کر دیا گیا ہے جبکہ علی اکبر شیخ کو نیشنل کنسٹرکشن کا ایم ڈی بنا دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزارت ہائوسنگ کے ذیلی ادارے نیشنل کنسٹرکشن کے ایم ڈی کا عہدہ 8 ماہ سے خالی تھا۔ اس عہدے پر امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی کے بھائی کرنل (ر) حسن حقانی تعینات تھے جنہیں اس وقت کے سیکرٹری ہائوسنگ یونس ڈھاگا نے ناقص کارکردگی پر عہدے سے ہٹا دیا تھا۔ وفاقی وزیر ہائوسنگ اکرم درانی کی طرف سے بھجوائی گئی سمری پر وزیراعظم نے پی ڈبلیو ڈی کے سابق ڈی جی علی اکبر شیخ کو 2 سال کے کنٹریکٹ پر نیشنل کنسٹرکشن کا منیجنگ ڈائریکٹر مقرر کرنے کی منظوری دی ہے۔ وزارت داخلہ میں تعینات گریڈ 21 کے سینئر افسر اختر جان کو سینئر جوائنٹ سیکرٹری ہائوسنگ مقرر کر دیا گیا ہے۔ پولیس گروپ کے گریڈ 19 کے افسر شریف عباس کی خدمات پنجاب حکومت کے سپر دکر دی گئی ہیں جبکہ ڈاکٹر طارق کو وزارت کیڈ میں جوائنٹ ایجوکیشن ایڈوائزر تعینات کر دیا گیا ہے۔