شفافیت اور بہتر نظم و نسق مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا طرئہ امتیاز ہے: پرویز رشید

شفافیت اور بہتر نظم و نسق مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا طرئہ امتیاز ہے: پرویز رشید

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ شفافیت اور بہتر نظم و نسق مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا طرہ امتیاز ہے، میڈیا کو معاشرہ میں بدعنوانی کی روک تھام کیلئے نگرانی کا فریضہ انجام دینا چاہئے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو ڈپٹی چیئرمین نیب ریئر ایڈمرل (ر) سعید احمد سرگانہ کے ساتھ ملاقات میں ’’بدعنوانی سے انکار‘‘ کے موضوع پر نیب کے شعور بیدار کرنے کے نغمے کے اجراء کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہاکہ میڈیا پاکستان میں بدعنوانی سے پاک معاشرے کے قیام کیلئے مؤثر کردار ادا کرسکتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ میڈیا اس سلسلہ میں اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا شفافیت اور بہتر نظم و نسق مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا طرۂ امتیاز ہے کیونکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے برسراقتدار آنے کے بعد بدعنوانی کا کوئی ایک کیس بھی سامنے نہیں آیا۔ وزیر اطلاعات نے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے نیب کی شعور بیدار کرنے کی مہم کو سراہا اور اس قومی مقصد کیلئے مکمل مدد کا یقین دلایا۔