کراچی میں زمین کی الاٹمنٹ: نیب 50 ارب کرپشن کی تحقیقات کرے: ٹرانسپرنسی
اسلام آباد (نوخیز ساہی/ دی نیشن رپورٹ) ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل پاکستان نے کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی سکیم نمبر 5 کے امینیٹی بلاک نمبر 6 میں حکومت سندھ کی طرف سے غیرقانونی طور پر الاٹ کئے گئے ایک ایکڑ کمرشل پلاٹ کو فراڈ سے 2 ایکڑ میں تبدیل کرنے کے خلاف نیب سے تحقیقات کی درخواست کی ہے۔ ٹرانسپرنسی نے ڈی جی نیب کراچی کو خط میں لکھا ہے کہ اس حوالے سے شکایت موصول ہوئی ہے۔ ماسٹر پلان کے مطابق عوامی پارک کو دھوکہ دہی سے 2ایکڑ میں تبدیل کرکے 560 کمرشل عمارتوں کی تعمیر کیلئے 50ارب روپے کی کرپشن کی گئی ہے۔ ٹرانسپرنسی نے ڈی جی نیب سے درخواست کی ہے کہ مذکورہ پلاٹ کو منسوخ کرکے کے ڈی اے کے ذمہ داران اور مالکان کے خلاف کارروائی کی جائے۔