جوڈیشل کمشن آرڈیننس کے کچھ حصے مشکوک ہیں: بابر اعوان
اسلام آباد (آن لائن) سابق وزیر قانون ڈاکٹر بابر اعوان نے کہاکہ جوڈیشل کمشن آرڈیننس کے کچھ حصے مشکوک ہیں، فون ٹیپ کرنا انتہائی شرمناک ہے۔ پاکستان کی تاریخ کا آج سیاہ دن ہے، جب کسی کا فون ٹیپ سامنے آیا، غیرجماعتی بلدیاتی انتخابات سے ضمیرفروشی اور لوٹاکریسی بڑھے گی۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگوکے دوران انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نوازشریف صرف کچن کے اندرکی کابینہ سے مشاورت کرتے ہیں۔آصف علی زرداری پر تنقید کرنیوالے آج خود معاہدے توڑ رہے ہیں،آئین کے تحت الیکشن پٹیشن کے علاوہ انتخابات کو چیلنج نہیں کیا جا سکتا تو پھرجوڈیشل کمشن آئین کے مطابق کیسے کام کریگا۔ انہوںنے کہاکہ فون ٹیپ کرنے کی اجازت آرمی چیف دے سکتا ہے نہ کوئی وزیر۔ وزیرداخلہ بھی اس کا حکم نہیں دے سکتا، صرف وزیراعظم اجازت دے سکتاہے لیکن آج ہمارے فون محفوظ نہیں ہیں۔ حکومت اپنی مرضی کا میئر لگانے کیلئے غیرجماعتی انتخابات کروا رہی ہے ، تو ضمیرفروشی بڑھے گی۔
بابر اعوان