یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے موجودہ ایم ڈی کو ہٹا کر جونیئر افسر کو تعینات کرنے کی تیاری

اسلام آباد (عترت جعفری) یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے موجودہ ایم ڈی کو ہٹا کر ایک جونیئر جی ایم کو ایم ڈی کے منصب کا چارج دینے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے ایک حکم میں جواز تلاش کیا جا رہا ہے۔ مذکورہ جونیئر جی ایم کو کچھ عرصہ قبل ہی جی ایم تعینات کیا گیا ہے جبکہ مذکورہ افسر معطل تھے اورایک سابق سیکرٹری صنعت کی ایماءپر انہیں بحال کیا گیا تھا۔ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن وزارت صنعت کے تحت ادارہ ہے اور اسکے معاملات ڈھیلی ڈھالی انتظامیہ کے باعث تسلسل سے روبہ زوال ہیں۔ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن ان اداروں کی فہرست میں شامل ہے جس کیلئے مارکیٹ سے ایم ڈی کی خدمات حاصل کی جانے پر وزیراعظم پہلے ہی سرکاری تحویل کے اداروں کے سربراہوں کیلئے چناﺅ کیلئے وفاقی ٹیکس محتسب کے سربراہی میں ایک کمیشن قائم کرچکے ہیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ایک حکم میں یہ کہا گیا تھا کہ ایم ڈی کا چارج سینئر ترین افسر کو دیدیا جائے۔ جس کے بعد ادارے کے اندر ایک تنازعہ پیدا ہوا تھا تاہم موجودہ ایم ڈی کے چارج دیدیا گیا جو گذشتہ کچھ عرصہ سے معاملات کو چلا رہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ ادارہ کے اندر اس حکم کو بنیاد بنا کر موجودہ جی ایم کو ہٹانے اور عبوری عرصہ کیلئے نیا ایم ڈی لگانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ ادارے کے اندر موجودہ ایم ڈی کے بعد سینئر ترین موجود ہیں۔ ایک اہم شخصیت کے ایما پر نئے ایم ڈی کی تعیناتی کیلئے جواز تلاش کئے جا رہے ہیں۔ انکے تحت موجودہ ایم ڈی اور سینئر ترین جی ایم کو نااہل قرار دیکر حال ہی میں جی ایم بننے والے جونیئر افسر ایم ڈی بنانے کیلئے راستے صاف کئے جا رہے ہیں۔