وزیراعظم کرپٹ افسران کی حمایت نہ کریں‘ بھارتی صنعتکار سے ملاقات پر قوم کو اعتماد میں لیں: خورشید شاہ
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے وزیراعظم نوازشریف کو کرپٹ افسران کی حمایت نہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کی ناک کے نیچے کرپشن ہورہی ہے اور وہ بدعنوان افسروں کی حمایت کرتے دکھائی دیتے ہیں، وہ کب تک کرپشن کی حمایت کرتے رہیں گے۔ بھارتی صنعتکار سے کیا راز ونیاز ہوئے؟ وزیراعظم قوم کو اعتماد میں لیں۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا بھارتی سٹیل ٹائیکون سے ملاقات نے جہاں یہ ثابت کیا کہ نوازشریف کا بھارت میں بھی کاروبار ہے وہیں ان کے محب وطن ہونے پر شکوک و شبہات پیدا کردیئے ہیں اور اب ان کے لئے خود کو محب وطن ثابت کرنا مشکل ہوچکا ہے۔ دولت کے نشے میں دھت وزیراعظم ایسے تعلقات بنار ہے ہیں۔ چھپ چھپ کر ملاقاتیں کرنا نوازشریف کی پرانی عادت ہے۔ وزیراعظم بھارتی بزنس مین سے ملاقات سے متعلق قوم کو آگاہ کریں۔ خورشید شاہ نے مستعفی وزیر ریاض پیرزادہ کی حمایت کرتے ہوئے کہا وزیراعظم کی ناک کے عین نیچے کرپشن ہو رہی ہے۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ انہیں وزیراعظم کے صادق اور امین ہونے پر شک ہے۔ وہ تو خود پانامہ کے جال میں پھنسے ہیں ، کرپشن کیسے روکیں گے۔