بااختیار طبقے کو بلوچستان کے بارے میں سوچنے کا انداز بدلنا ہو گا: وزیراعلیٰ عبدالمالک بلوچ

اسلام آباد(آن لائن ) وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ بااختیار طبقے کو بلوچستان کے بارے میں سوچنے کا انداز بدلنا ہوگا، مفروضات قائم کرنے کے بجائے،خود بلوچستان جاکر حالات کا جائزہ لینا چاہیے۔اسلام آباد میں بلوچستان پر منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ گمشدہ افراد کا معاملہ بلوچستان کے مسائل کے حل میں رکاوٹ ہے، بلوچستان کے بعض افراد میں یہ سوچ موجود ہے کہ انہیں زبردستی پاکستان میں شامل کیا گیا۔ ایسے افراد سے بندوق سے نہیں، دلیل سے بات کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا بلوچستان میں تعلیمی بجٹ 4 فیصد سے بڑھا کر 24 فیصد کردیا ہے، خواہش ہے بلوچستان میں 500 طلبہ آئندہ پانچ برسوں میں پی ایچ ڈی کریں۔