جنرل راحیل شریف آئندہ ماہ امریکہ جائیں گے

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) آرمی چیف جنرل راحیل شریف  سولہ نومبر کو  امریکہ کے سرکاری دورے پر جائیں گے۔ آئی ایس پی آر کے مختصر بیان میں  صرف اتنا ذکر ہے کہ جنرل راحیل ماہ نومبر کے دوران  امریکہ کا دو طرفہ دورہ کر رہے ہیں اور اس موقع پر وہ سلامتی سے متعلق امریکہ کے اعلیٰ حکام کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے تاہم سفارتی ذرائع نے اس اطلاع کی تصدیق کی ہے کہ  جنرل راحیل شریف سولہ نومبر کو اس دورہ پر امریکہ پہنچیں گے۔ دورہ کی تاریخیں کافی پہلے طے پا چکی تھیں انہیں صیغہ راز میں رکھا گیا کہیں میڈیا اس دورے کو اسلام آباد کے دھرنوں  سے پیدا شدہ سیاسی صورتحال کے ساتھ منسلک نہ کر دے کیونکہ اس  صورت میں امریکہ اور پاکستان دونوں کیلئے  وضاحت کرنا مشکل ہو جاتا۔ اس ذریعہ کے مطابق جنرل راحیل شریف کا دورہ خالصتا پیشہ ورانہ  نوعیت کا ہے جس میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان فوجی تعاون ،افغانستان سے اتحادیوں کا فوجی انخلاء  اور اس سے پیدا شدہ  سلامتی کی صورتحال دو مرکزی موضوع ہوں گے تاہم اس دورہ سے استفادہ کرتے ہوئے آرمی چیف ورکنگ  بائونڈری اور کنٹرول لائن پر بھارت کی جارحیت  سے متعلق حقائق بھی امریکہ کی  عسکری قیادت کے سامنے رکھیں گے کیونکہ امریکہ کو پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے باعث ہمیشہ تشویش رہتی ہے۔