بیرون ملک سفارتخانوں کی حالت زار، وزیراعظم نے چودھری نثار کی نشاندہی پر نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی

اسلام آباد(آئی این پی)وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی جانب سے بیرون ملک پاکستانیوں سفارتخانوں کی حالت زار کی نشاندہی پر وزیر اعظم نواز شریف نے نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔ وزیر داخلہ نے برما میںمسلمانوں کی حالت زار کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے سفارتخانے مسلمانوں کی نسل کشی اور ان پر ہونے والے بہیمانہ مظالم پر خاموش کیوں ہیں؟ انہوں نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ تھائی لینڈ میں پاکستانی سفارتخانے کے عملہ کی ملی بھگت سے نہ صرف پاکستانی سزا یافتہ قیدیوں کو جعلسازی کے ذریعے یہاں لایا گیا بلکہ برما کے عالمی منشیات سمگلر ابراہیم کو جعلی پاکستانی پاسپورٹ پر یہاں لایا گیا جو دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی کا باعث بنا۔ وزیراعظم نے وزیر داخلہ کے توجہ مبذول کروانے پر وزارت خارجہ سے رپورٹ طلب کی ہے اور کہا ہے کہ تھائی لینڈ اور برما سمیت دیگر ممالک میں پاکستانی مشنز کی کارکردگی سے آگاہ کیا جائے اور وزارت خارجہ وزیر داخلہ چوہدری نثار سے مشاورت کرکے لائحہ عمل تیار کیاجائے۔
وزیراعظم / نوٹس