ہارس ٹریڈنگ سنی تھی ’’کھوتا ٹریڈنگ‘‘ پہلی بار سن رہا ہوں : شجاعت

ہارس ٹریڈنگ سنی تھی ’’کھوتا ٹریڈنگ‘‘ پہلی بار سن رہا ہوں : شجاعت

اسلام آباد (آن لائن) (ق) لیگ کے مرکزی رہنما چوہدری شجاعت نے کہا ہے کہ ہارس ٹریڈنگ کا نام تو سنا تھا مگر کھوتا ٹریڈنگ پہلی مرتبہ سن رہا ہوں۔ ہارس ٹریڈنگ اور کرپشن ختم ہونی چاہئے مگر حکومت کا طریقہ کار ٹھیک نہیں۔ گزشتہ روز سینٹ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا میں کہیں بھی ایسا انہیں ہوتا کہ ووٹ پر اپنا نام لکھ کر دیا جائے۔ ووٹ اوپن ہو یا خفیہ طور پر دیا جائے اصل مسئلہ نظام میں تبدیلی ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے پارلیمانی جماعتوں کو جو اجلاس بلایا اس میں ہمیں دعوت نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہارس ٹریڈنگ اور کرپشن کو ختم کرنے کیلئے تمام جماعتوں کو بیٹھ کر اس کا حل نکالنا ہوگا اور نظام میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینٹ انتخابات میں حکومت گھبرائی ہوئی ہے جوکہ واضح طور پر نظر آ رہا ہے۔