سعود مجید، چودھری تنویر، ساجد میر عمار خان، وقار احمد خان کے کاغذات منظور، راحیلہ مگسی کے مسترد، کرن ڈار ظفر شاہ نے واپس لے لئے

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) الیکشن کمشن نے مسلم لیگ (ن) کی راحیلہ مگسی کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دئیے۔ چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان نے فیصلہ سنایا۔ راجہ ظفر الحق، پرویز رشید اور رحمن ملک کے کاغذات منظور ہونے کے خلاف اپیلیں مسترد کردی گئیں۔ چودھری تنویر، ساجد میر، عمار احمد خان اور وقار احمد خان کے کاغذات منظور کر لئے گئے۔ قبل ازیں الیکشن کمشن آف پاکستان میں پرویز رشید، راجہ ظفر الحق اور رحمن ملک سمیت 15 سینیٹ امیدواروں کیخلاف اپیلوں کی سماعت ہوئی۔ جمعہ کے روز چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان نے اپیلوں کی سماعت کی۔ الیکشن کمشن نے امیدواروں کے کاغذات پر اعتراضات کی اپیلوں کی سماعت کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے سعود مجید کو سینیٹ الیکشن کیلئے اہل قرار دیدیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی خواتین نشست پر کرن ڈار نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے۔ الیکشن کمشن میں امیدواروں پر لگائے گئے اعتراضات پر اپیلوں کی سماعت کا سلسلہ آج (ہفتہ) کو بھی جاری رہیگا۔ علاوہ ازیں سندھ سے مسلم لیگ (ن) کے سینٹ کیلئے امیدوار ظفرعلی شاہ نے بھی اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے ہیں۔ الیکشن کمشن کے مطابق مسلم لیگ فنکشنل کے محمد بخش نے بھی کاغذات نامزدگی واپس لے لئے ہیں۔