جوڈیشل کمشن نے لاہور، پشاور ہائیکورٹ کے6 ایڈیشنل جج مستقل کرنے کی سفارش کر دی

اسلام آباد (اے پی پی) جوڈیشل کمشن نے لاہور اور پشاور ہائیکورٹ کے چھ ایڈیشنل ججوں کومستقل کرنے کی سفارش کر دی ہے۔ جوڈیشل کمیشن کا اجلاس چیف جسٹس ناصر الملک کی صدارت میں ہوا جس میں لاہور ہائیکورٹ کے 14 جبکہ پشاور ہائیکورٹ کے 2 ایڈیشنل ججز کی مستقلی پر غور کیا گیا۔ کمیشن کے ارکان نے لاہور ہائیکورٹ کے چار ایڈیشنل ججوں کی مستقلی کی سفارش کی جن میں جسٹس عاطر محمود، شاہد بلال، عالیہ نیلم اور عابد عزیز شامل ہیں۔ کمیشن نے تفصیلی غور و خوض کے بعد پشاور ہائیکورٹ کے دو ایڈیشنل ججوں کی سفارش کی جن میں جسٹس افسر شاہ اور جسٹس دائود خان شامل ہیں۔ جوڈیشل کمیشن نے لاہور ہائیکورٹ کے چھ ایڈیشنل ججز کی مدت ملازمت میں بھی ایک سال توسیع کر دی ہے جن میں جسٹس جیمز جوزف، ظفراللہ خاکوانی، شمس مرزا، شہباز علی رضوی، شاہد جمیل خان اور فیصل زمان خان شامل ہیں تاہم جسٹس شاہ خاور اور شعیب سعید سمیت لاہو ر ہائیکورٹ کے چار ایڈیشنل ججوں کے ناموں کا معاملہ مؤخر کر دیا گیا۔ کمیشن نے اپنی سفارشات منظوری کیلئے پارلیمانی کمیٹی کو ارسال کر دی ہیں جہاں سے منظوری کے بعد ججوں کے نام حتمی منظوری کیلئے صدر کو بھیجے جائیں گے۔