ٹیرف تنازعہ: حکومت کا نندی پور پلانٹ کے حوالے سے عدالت جانے کا فیصلہ، ریکارڈ پھاڑنے کے مقدمہ میں ملزم کا مزید 3 روزہ ریمانڈ
اسلام آباد +گوجرانوالہ(آن لائن+نمائندہ خصوصی) پاور ریگولیٹرز کی ضد سے مایوس ہو کر حکومت نے نندی پور پراجیکٹ کے لئے نیپرا ٹیرف پر عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس میں ایک سینئر حکومتی عہدیدار کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ وزارت پانی و بجلی اور پاور کمپنیوں نے تمام ریگولیٹری اداروں کو آزمایا ہے تاکہ نندی پور ٹیرف کے اصلی لاگت کو حاصل کیا جا سکے۔ نیپرا نے اصل لاگت پر تمام ٹیرف کے اضافے کو بلاک کر دیا تھا اور نظرثانی کی درخواستیں بھی مسترد کر دی تھیں۔ عہدیدار نے کہا کہ ہم نے نیپرا ٹیرف کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے ضروری ہدایات نادرن پاور جنریشن کمپنی لمیٹڈ کو دے دی گئی ہیں۔ ادھر گوجرانوالہ میں عدالت نے نندی پور پاور پلانٹ میں ریکارڈ پھاڑنے کے مقدمہ میں گرفتار ملزم کا مزید تین روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ نزہت جبین کی عدالت میں اروپ پولیس نے نندی پور پاور پلانٹ میں ریکارڈ پھاڑنے کے مقدمہ میں گرفتار ملزم بلقیاس خان کو پیش کیا اور ملزم کا مزید جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا کی۔