الیکشن کمشن کی ویب سائٹ پر ایم کیو ایم کے کنونیئر کا نام ایک بار پھر تبدیل
اسلام آباد( خصوصی رپورٹر) الیکشن کمشن آف پاکستان کی باضابطہ ویب سائیٹ پر ایم کیو ایم کے کنونیئر کا نام ایک بار پھر تبدیل کردیا گیا ہے۔ الیکشن کمشن کی باضابطہ ویب سائیٹ پر ندیم نصرت کا نام ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ کی حیثیت سے خارج کردیا گیا ہے جب کہ ڈاکٹر فاروق ستار کا نام ایک مرتبہ پھر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ کی حیثیت سے درج کرلیا گیا ہے۔الیکشن کمشن کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کے اصل لیڈر اور کنونیئر ڈاکٹر فاروق ستار ہیں، نسرین جلیل بھی ایم کیو ایم پاکستان کی کنونیئر ہیں، ویب سائیٹ پر ندیم نصرت کا نام غلطی سے ڈالا گیا تھا جو ہٹادیا گیا، فاروق ستار کی جگہ ندیم نصرت کا نام کیسے آیا اس سلسلے میں الیکشن کمشن نے تحقیقات شروع کردیں ہیں۔واضح رہے کہ الیکشن کمشن کی ویب سائیٹ پر جمعہ کو ایم کیو ایم کا کنونیئر ندیم نصرت کو ظاہر کیا گیا تھا۔