چیئرمین سی ڈی اے نے عدالتی کمشن کے سامنے منصوبوں کا ریکارڈ پیش کیا

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سپریم کورٹ کے سابق جسٹس سردار محمد رضا کی سربراہی میں عدالتی کمشن کا اجلاس ہوا۔ نجی ٹی وی کے مطابق چیئرمین سی ڈی اے عدلتی کمشن کے سامنے پیش ہوئے اور طلب کردہ منصوبوں کا ریکارڈ پیش کیا۔ سی ڈی اے کے منصوبوں میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات کے لئے تین رکنی عدالتی کمشن نے کارروائی شروع کر دی ہے۔ کمشن دامن کوہ پر ریسٹورنٹ کی بغیر ٹینڈر تعمیر سمیت 5 منصوبوں میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات کرے گا۔ ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد کمشن سی ڈی اے کے ریٹائرڈ یا حاضر سروس افسران کو طلب کرنے کا فیصلہ کرے گا۔